ضمنی انتخابات کیلئے آج پولنگ ،فوج تعینات
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد... قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ اتوار کو ہو رہی ہے۔قومی اسمبلی کی11 اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔تمام حلقوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر بیلٹ پیپر، بیلٹ باکس سمیت دیگر سامان پاک فوج کی نگرانی میں پہنچادیا گیا۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔اسلام آباد کی نشست سمیت پنجاب میں قومی اسمبلی کی 9، سندھ اور خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے ایک ایک حلقہ پر پولنگ ہوگی۔پنجاب اسمبلی کی 11، سندھ اور بلوچستان کی دو دو جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔مجموعی طور پر 35 حلقوں میں 92لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ایک ہزار 727 پولنگ اسٹیشن کوحساس قرار دیا گیا ۔پنجاب کے حلقہ پی پی 87 میانوالی اور پی پی 296 راجن پور پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ۔