منشا بم اچانک سپریم کورٹ پہنچ گیا
اسلام آباد: لاہور کے علاقے جوہر ٹائون میں زمینوں پر غیر قانونی قبضے کا ملزم اور پنجاب پولیس کو مطلوب منشا بم گرفتاری دینے اچانک عدالت عظمیٰ پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں ایک عام شہری کی جانب سے درخواست بھی دائر کی گئی تھی جس کی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا تھا کہ منشابم کے خلاف 70 مقدمات درج ہیں۔ جس کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے منشا بم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق 4 اکتوبر کو پولیس نے منشا بم کے بیٹے فیصل منشا کو ناکے پر روکنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ آج ہونے والی پیش رفت کے مطابق نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ منشا بم گرفتاری دینے اچانک سپریم کورٹ پہنچ گیا اور اس نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کرنے کا مطالبہ کیا۔
منشا بم نے موقف اختیار کیا کہ میں نے کسی کی زمینوں پر قبضہ نہیں کیا، میرے پاس ساری زمین میرے والد کی ہے۔ میرے بیٹے نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر چیئرمین کا الیکشن لڑا، جس کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے۔میرے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے ، مجھے انصاف دیا جائے۔ میں پولیس سے چھپ کر عدالت آیا ہوں اور چاہتا ہوں کہ چیف جسٹس سے ملوں اور سب بتاکر گرفتاری دوں تاکہ انتقامی کارروائی نہ ہوسکے۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے منشا بم کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی گئی تھیں تاہم پولیس اسے گرفتار نہیں کرسکی، دوسری جانب عدالت کے حکم پر ملزم کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیا جاچکا ہے ۔