’’عام انتخابات میں عمران خان کو جعلی مینڈیٹ ملا‘‘
اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو جعلی مینڈیٹ ملا تھا جس کے ثبوت حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے واضح ہوگئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جس حلقے میں بھی منصفانہ، غیر جانب دار اور آزاد انتخابات ہوں گے وہاں سے پی ٹی آئی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔
ضمنی انتخابات کے نتائج پر بات کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ الیکشن میں متحدہ اپوزیشن کی شاندار فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا تھا۔ نتائج کے بعد ثابت ہوا کہ اپوزیشن سرخرو اور جعلی مینڈیٹ والے حکمران ناکام ہوگئے۔ ریاستی جبر کے باوجود پاکستان کے عوام نے 25 جولائی کی چوری کا بدلہ لینے کا آغاز کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جعلی وزیر اعظم اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے کم از کم 50 فیصد حلقوں کو کھولنے کا اعلان کردیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔