ابوظبی ٹیسٹ: پاکستان 282 پر آوٹ، آسٹریلیا کے 20/2رنز
ابوظبی:آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ کی سیریز کے دوسرے میچ کے پہلے دن پاکستانی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ۔پہلے دن کے کھیل کے اختتام سے قبل فاسٹ بولر محمد عباس نے ٹیم کو 2اہم کامیابیاں دلاتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ اور نائٹ واچ مین پیٹر سڈل کو آوٹ کردیا جبکہ ایرون فنچ13رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔ آسٹریلیا کا اسکور2وکٹوں کے نقصان پر20رنز ہے۔ پاکستانی اننگز کے آغاز میں 57رنز پر 5کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے ۔حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم تینوں کو صفر پر واپس جانا پڑا جبکہ اوپنر محمد حفیظ صرف 4رنز کی اننگز کھیل سکے تاہم ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اوپنر فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے بیٹنگ لائن کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔آسٹریلوی بولرز ناتھن لیون نے4، مارنس لیبوشین نے3اور مچل اسٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔آسٹریلیا نے اس میچ کیلئے دبئی ٹیسٹ کی ٹیم برقرار کھی جبکہ پاکستان نے 2تبدیلیاں اور امام الحق کی جگہ فخر زمان اور وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دے کر حتمی الیون کا حصہ بنایا۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب پہلے ہی سیشن میں پاکستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ محمد حفیظ اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا ۔فخرزمان اور اظہر علی کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 52کا اضافہ ہوا لیکن اس مرحلے پر اسپنر ناتھن لیون کے تباہ کن اسپیل نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سخت مشکلات سے دوچار کردیا۔ انہوں نے5 اوورزمیں4 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا ۔ان کی پہلی وکٹ اظہر علی تھے جو 15 رنز بنانے کے بعد بو لر کو آسان کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ اسی اوور کی اگلی ہی گیند پر حارث سہیل شارٹ لیگ پر کیچ آوٹ ہو گئے۔لیون نے اگلے اوور میں اسد شفیق کو بھی صفر پر کیچ کروا دیا ان کی جگہ آنے والے بابر اعظم نے بھی وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہرنے کی زحمت نہیں کی اور کوئی ا سکور کئے بغیر باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔ دوسرے سیشن میں فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم مشکل صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہوئی اور دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے147کی شراکت نے اسکور کو 204تک پہنچا دیا ۔ اس مرحلے پر پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فخر ز مان کو 94کے انفرادی اسکور پر مارنس لیبوشین نے آوٹ کرکے شراکت کا خاتمہ کرنے کے ساتھ پہلے ہی میچ میں سنچری کے اعزاز سے محروم کردیا۔مارنس نے وہی سلوک کپتان سرفراز احمد کے ساتھ بھی کیا جو 94رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے اور سنچری مکمل نہ کر سکے۔ان کے بعد کوئی پاکستانی بیٹسمین وکٹ پر نہ ٹھہر سکا ۔بلال آصف 12، یاسر شاہ 28 اور محمد عباس10رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے میر حمزہ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ 282 رنزپر پاکستان کی پوری ٹیم آوٹ ہوگئی ۔ آسٹریلوی ٹیم نے پہلے دن کے کھیل کے آخری مراحل میں اپنی اننگز شروع کی تو عثمان خواجہ اور ایرون فنچ بیٹنگ کیلئے آئے ۔ دونوں نے محتاط انداز میں اسکور کو 16رنز تک پہنچایا تو محمد عباس نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی اور عثمان خواجہ 3 رنز پروکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے کر آوٹ ہوگئے۔ میچ کی صورتحال کے پیش نظر کپتان ٹم پین نے نائٹ واچ مین پیٹر سڈل کو بیٹنگ کیلئے بھیجا تاہم 4رنز کے اضافے پر وہ بھی عباس کا شکار بنے اور ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے جس کے ساتھ ہی پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیاگیا ۔ ایرون فنچ13رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔عباس نے 9رنز دے کر 2وکٹیں جبکہ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے میر حمزہ اور یاسر شاہ کو کامیابی نہیں ملی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں