ابوظبی ٹیسٹ: فخر زمان اور میر حمزہ کیلئے ٹیسٹ کیپ !
ابو ظبی :آسٹریلیا کے خلاف شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظبی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دیئے جانے امکان ہے ۔ فخر زمان ایشیا کپ میں ناکام ہوئے تھے جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر میر حمزہ پہلی مرتبہ پاکستان کیلئے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔پاکستانی ٹیم دوسرا ٹیسٹ کھیلنے دبئی سے ابوظبی پہنچ چکی ہے۔ فخر زمان پریکٹس کیلئے گراونڈ پہنچے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہو گیا تھا۔پاکستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ سے قبل شیخ زاید اسٹیڈیم میں پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کرےگی۔ ذرائع کے مطابق زخمی امام الحق کی جگہ اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد حفیظ کریں گے جبکہ آوٹ آف فارم فاسٹ بولر وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ لیں گے۔وہاب ریاض نے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 11 اوورز میں 39 رنز اور دوسری اننگز میں16 اوورز میں 42 رنز دئیے تھے تاہم دونوں اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔امام الحق نے پہلی اننگز میں76رنز بنائے تھے اور محمد حفیظ کے ساتھ پہلی وکٹ پر ریکارڈ205 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ دوسری اننگز میں امام الحق نے48 رنز بنائے تھے۔ 28سالہ فخر زمان پاکستان کی جانب سے23 ون ڈے اور22 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔26 سالہ میر حمزہ کا تعلق کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ سے ہے ۔ وہ 56 فرسٹ کلاس میچز میں 278 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔حسن علی اور فہیم اشرف کی موجودگی میں ٹیم انتظامیہ میر حمزہ کو اہمیت دے رہی ہے۔دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد دونوں ٹیمیں 3ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گی۔پہلا میچ 24اکتوبر کو ابو ظبی میں جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 26اور 28اکتوبرکو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں