عبد الرحمن سوار الذہب کا انتقال، سعودی قیادت کا اظہار تعزیت
جمعرات 18 اکتوبر 2018 3:00
ریاض:سوڈان کے سابق صدر فیلڈ مارشل عبد الرحمن سوار الذہب کا 83برس کی عمر میں سعودی دار الحکومت ریاض کے آرمی اسپتال میں جمعرات کو انتقال ہوگیا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ان کے انتقال پر سوڈانی صدر عمر البشیر اور سوار الذہب کے اہل خانہ کے نام تعزیتی پیغام ارسال کردیا۔ عبد الرحمن سوار الذہب کی تدفین مدینہ منورہ کے معروف عالم قبرستان جنت البقیع میں ہوگی۔ شاہ سلمان کے حکم پر خصوصی طیارہ میت ریاض سے مدینہ منورہ منتقل کرے گا۔
شاہ سلمان نے فیلڈ مارشل عبد الرحمن سوار الذہب کی وصیت کی خاطر ان کی میت مدینہ منورہ پہنچانے کا حکم نامہ جاری کردیا۔ سوار الذہب نے اپریل1985ء کی تحریک بیداری کے بعد سوڈان کا اقتدار سنبھالا تھا۔ تحریک بیداری پر صدر جعفر نمیری کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا۔ سوار الذہب نے اگلے برس اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کردیا تھا۔ نئی منتخب حکومت کے قائد الصادق المہدی بنے تھے۔ انہوں نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالا تھا جبکہ صداررت کا منصب احمد المیرغنی کے سپرد کردیا گیا تھا۔ سوار الذہب نے اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کرتے ہی سیاسی عمل سے علیحدگی اختیا رکرلی تھی اور اسلامی دعوت تنظیم کی قیادت سنبھال لی تھی۔ ولی عہد نائب ،وزیر اعظم ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی سوار الذہب کے انتقال پر ان کے اہل خانہ اور سوڈانی صدر عمر البشیر کے نام تعزیت اور ہمدردی کے پیغام الگ الگ ارسال کئے۔