پکوڑے کے بعد اب چاٹ والاکروڑپتی؟
لدھیانہ۔۔۔۔محکمہ انکم ٹیکس نے پنجاب کے شہر پٹیالہ کے ایک مشہور چاٹ والے کے پاس غیر قانونی ایک کروڑ 20لاکھ روپے کا سراغ لگایا۔چاٹ والا کیٹرنگ کا کام بھی کرتا ہے۔ واضح ہوکہ اسی ماہ لدھیانہ میں ایک پکوڑے والے کے پاس سے محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپے کی کارروائی کے دوران غیر قانونی 60لاکھ روپے برآمد کئے تھے۔غیر اعلانیہ رقم کے انکشاف کی بنیادپر اب چاٹ والے کو تقریباً 52لاکھ روپے ٹیکس کی مد میں ادا کرنے ہونگے۔ انکم ٹیکس کی ٹیم نے گزشتہ روز علاقے کا سروے کیا جس میں انکشاف ہوا کہ چاٹ والے نے نہ صرف اپنی آمدنی کا بڑا حصہ پوشیدہ رکھا بلکہ غیر قانونی جائیدا د میں سرمایہ کاری بھی کی اور 2سال سے کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا۔محکمہ آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق چاٹ والے نے 2تقریب ہال تعمیر کررکھے تھے جہاں شادی بیاہ اور دیگر پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔وہ کسی تقریب میں چاٹ کا اسٹال لگانے کیلئے ڈھائی سے 3لاکھ روپے وصول کرتا تھا۔ محکمہ کے افسران نے اس کے خلاف رپورٹ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں