ورلڈ ویمنز والی بال چیمپیئن شپ : سربیا نے فائنل میں اٹلی کو شکست دیدی
اتوار 21 اکتوبر 2018 3:00
یوکوہاما: سربیا کی ویمنز والی بال ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈ ویمنز چیمپیئن شپ جیت لی۔جاپان کے شہر یوکوہاما میں ہونیوالے اس فائنل میچ میں سربیا نے اٹلی کی ویمنز ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔ فائنل میچ 5سیٹ میں کھیلا گیا ۔سربیا نے پہلے سیٹ میں اٹلی کو 21-25سے شکست دی جبکہ اٹلی کی ٹیم نے دوسرے سیٹ 14-25سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا، تیسرے سیٹ میں سربیا نے 23-25سے برتری حاصل کر لی جبکہ اٹلی نے نہایت عمدگی کے ساتھ چوتھا سیٹ 19-25سے جیت کر مقابلہ ایک بار پھر برابر کردیا۔ پانچویں اور آخری سیٹ میں سربیا نے مقابلہ 15والی کے سیٹ تک رکھا اور آخری سیٹ 12-15سے جیت کر ویمنز والی بال ورلڈ چیمپیئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔سربیا کی کھلاڑی تجینا بوسکوویک نے فائنل میچ میں 26پوائنٹس اسکور کر کے میچ کی بہترین کھلاڑی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ لمبا سفر تھا لیکن تاریخی فتح کی خوشی ہے۔ یہ اعزاز میرے لئے آئندہ مقابلوں میں حوصلہ افزا ثابت ہوگا۔کانسی کے تمغے کیلئے چین کی ویمنز ٹیم نے ہالینڈ کو 25-22،25-19اور 25-14پوائنٹس سے ہرا دیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں