الاحساء میں بزم شاہین کیجانب سے یوم الوطنی اور یوم دفاع کی تقاریب
خواتین کیلئے خصوصی مقام پر ہینڈی کرافٹس اور مختلف اسٹالز لگائے گئے ، بچوں میں تقریری اور معلوماتی مقابلوں کے علاوہ بیت بازی نے بھی رنگ جمایا
الاحساء( ثناء بشیر )بزمِ شاہین کی جانب سے یوم الوطنی اور یوم دفاع کے حوالے سے شاندار پکنک تقریب منعقد کی گئی جسں میں کم وبیش 200 خاندانوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں بچوں اور بڑوں کیلئے تفریحی پروگرام رکھے گئے تھے جس میں تیراکی ،ریسنگ ، مقابلہ نشانہ بازی ، رسہ کشی اور فٹبال میچ کے علاوہ مقابلہ معلومات عامہ شامل تھے۔ بچوں نے یوم دفاع پاکستان اور یوم الوطنی کی مناسبت سے تقاریر بھی کیں جن میں سعودی عرب کا عالم اسلام میں مقام اور اس کی ترقی کے متعلق بچوں نے اپنی تقاریر کو موضوع بنایا جبکہ یوم دفاع کے حوالے سے بھی بچوں نے پرجوش انداز میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ پاکستان ایک محفوظ اور ناقابل تسخیر ملک ہے ۔ تقریری مقابلوں کے علاوہ دیگر کھیلوں میں پوزیشن لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اسلامی شعائر کا خیال رکھتے ہوئے خواتین کے لیے الگ انتظام تھا جس میں خواتین کیلئے بھی مختلف مقابلے رکھے گئے۔ سوال جواب، مزاحیہ خاکہ اور مسائل کے حل بتائیں،بیت بازی ،چٹکلے اور ریسنگ بھی شامل تھی ۔خواتین کی طرف سے لڑکیوں نے مختلف اسٹالز بھی لگا ئیں جس میں کھانے پینے کی چیزوں کے ساتھ رسالے اور بچوں کی ہاتھ سے بنائی ہوئی ہینڈی کرافٹس بھی تھیں۔ آخر میں بزم شاہین کی طرف سے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔بزم شاہین کے صدر سید واصل نے سب کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ بزم شاہین کی ٹیم اتنا بھر پور پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ لوگوں نے اس پروگرام کو بہت پسند کیا۔ آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔