ٰٰ"بے نظیر نے پاکستانی عوام اور جمہوریت کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا"
ریاض) ذکاء اللہ محسن )سانحہ کارساز18 اکتوبر2007کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے زیر اہتمام پی پی پی ریاض کے صدر کی رہائش گاہ پر ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے صدر رانا خالد نے کی۔ نظامت کے فرائض پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے جنرل سیکریٹری وسیم ساجد نے انجام دئیے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ چونکہ رانا خالد پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ وطن واپس جانے والے جہاز میں موجود تھے۔ چنانچہ رانا خالد نے اپنے افتتاحی خطاب میں اس سفر کے مشاہدات بیان کیے۔ یونس ابو غالب نے کہا کہ جیالے کا مطلب جان دینے والا ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کا دیا پی پی پی کے کارکنوں کے لہو سے جل رہا ہے۔ یہی پی پی پی کا سرمایہ ہے۔ احسن عباسی نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی جرات و بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ کو علم تھا کہ واپسی کی صورت میں موت بانہیں پھیلائے ان کا انتظار کر رہی ہے۔ لیکن محترمہ نے اس ملک کے عوام اور جمہوریت کی خاطر ہر خطرے کو پس پشت ڈال دیا۔ عبدالکریم خان نے کہا کہ شہادتیں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔فضل کریم نے پشتو زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو یاد کیا۔ عدیل رانا نے سانحہ کارساز کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کے بڑے سانحوں میں سے ایک قرار دیا۔ سردار رزاق نے بی بی کی آمریت کیخلاف جدوجہد کا خصوصی ذکر کیا۔ اور 18 اکتوبر کے شہدا کی جرات و بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ غلام نبی نواب نے پی پی کے جانثاروں کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے، عوام کی محرومیوں کا حل صرف جمہوریت کو قرار دیا۔ عثمان اشرف نے عوام کے حق حکمرانی کو بنیادی لڑائی قرار دیا۔ صداقت حسین نے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ ہمیں اپنے شہدا کے لہو کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔اجلاس کے اختتام پر شہدا کارساز کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ نیز رانا خالد صاحب نے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی روشنی ڈالی۔