جمال خاشقجی کی موت کے ذمہ دار ایک ایک فرد کو گرفتار کیا جائے گا، الجبیر
جکارتہ - - - - سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ سعودی شہری جمال خاشقجی کے معاملے میں ملوث ایک،ایک فرد کو گرفتار کیا جائے گا۔ جو عہدیدار بھی اس کا ذمہ دار ہو گا اسے پکڑا جائے گا۔ سعودی عرب اپنے شہری کی موت کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا عہد کئے ہوئے ہے۔ اس کی پابندی کرے گا۔ وہ جکارتہ میں منگل کو پریس کانفرنس میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جمال خاشقجی جیسا کوئی واقعہ او رنہ ہو اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ الجبیر نے اتوار کے اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ جمال خاشقجی کا واقعہ سنگین غلطی ہے۔ اس میں ملوث تمام افراد کا احتساب ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کو خاشقجی کے ساتھ ہونے والے سلوک کا علم نہیں تھا۔ الجبیرنے فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شدید افسوس ہے کہ اتنی بھیانک غلطی ہوئی۔ میں خاشقجی کے اعزہ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہر فرد کا احتساب کیا جائے گا۔ الجبیر نے زور دے کر کہا کہ خاشقجی کے قتل میں ملوث کوئی بھی فرد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے گہرے رابطے میں نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ "متعدد تصاویر میں یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ سیکیورٹی کے بعض اہلکار جنہوں نے مختلف اوقات میں نجی گارڈز کے طور پر ولی عہد کے ساتھ کام کیا تاہم ان مناظر کو ولی عہد کے ساتھ ان کے خصوصی تعلق کے طور پر جوڑنا درست نہیں۔ وجہ یہ ہے کہ سیکیورٹی گارڈ عہدیداروں کی حفاظت پرمامور کئے جاتے ہیں اور ان کی ڈیوٹیاں تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ یہ دنیا بھر کا معمول ہے۔ انہو ں نے اطمینان دلایا کہ سعودی عرب خاشقجی کے قتل سے متعلق تمام حقائق حاصل ہوتے ہی پیش کرے گا۔ جو بات سامنے آتی رہے گی اسے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب افواہوں ، من گھڑت باتوں او رقیاس آرائیوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ دقیق ترین اطلاعات پر انحصار کرے گا اور اس طرح کی جو سچائی سامنے آئے گی اسے طشت ازبام کیا جائے گا۔ اس کیلئے وقت بھی درکار ہے اور احتیاط بھی مطلوب ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خود شاہ سلمان خاشقجی کی موت کے ذمہ دار عناصر کے احتساب سے ذاتی دلچسپی رہے ہیں او راس سلسلے میں وہ پرعزم ہیں۔