ٹی ٹوئنٹی سیریز:پہلے میچ میں پاکستان کی 66رنز سے شاندار فتح
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
ابو ظبی:پاکستان نے تباہ کن بولنگ کے باعث پہلا ٹی ٹوئنٹی 66رنز سے جیت لیا۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 16.5اوورز میں صرف 89رنز پر آوٹ کر دیا۔ آسٹریلیا کوجیت کیلئے 156 رنز کا ہدف ملا لیکن پاکستانی جارحانہ بولنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی ۔پہلے 6 اوورز میں آسٹریلیا کی 6 وکٹیں گرنے کے بعد ایشٹن ایگر اور نیتھن کولٹر نائل نے ٹیم کو سنبھالنے کی کچھ کوشش کی اور 7 اوورز میں 38 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 13ویں اوور میں حسن علی نے ایشٹن ایگر کو 19 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ کروا دیا۔ فٹنس مسائل سے نمٹنے کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عماد وسیم نے پہلے اوور کی تیسری گیند پر ارون فنچ کو صفر اور آخری گیند پر ڈارسی شارٹ کو 4رنز پرآوٹ کر دیا۔ فہیم اشرف نے میکسویل کو صرف 2رنز پربولڈ کر دیا۔پانچویں اوور میں عماد وسیم کو تیسری کامیابی ملی جب الیکس کیری بھی صرف ایک رن بنا سکے اور سرفراز احمد نے ان کا کیچ پکڑ لیا۔چھٹے اوور میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا اور فہیم اشرف نے بھی اپنی دوسری وکٹ حاصل کر لی جب کرس لِن 14 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔عماد وسیم کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس سے قبل پاکستانی بلے بازوں میں بابراعظم اور محمد حفیظ کے علاوہ کوئی بیٹسمین بہتر اسکور نہ کر سکا۔14ویں اوور میں محمد حفیظ کے آوٹ ہونے کے بعد پاکستان کے 7 کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 30 رنز کا اضافہ کرسکے۔فخر زمان14رنز پر یتھن کاونٹر نائل کی 148 کلومیٹر کی رفتار سے آتی ہوئی گیند پر ہک شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کوور پر کیچ آوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد محمد حفیظ اور بابر ا عظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 73 رن ا سکور کئے۔ محمد حفیظ 39 کے ا نفرادی اسکور پر ڈارسی شارٹ کی گیند پر میکڈر موٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ انھوں نے ڈارسی کی گیند پر پل کرنے کی کوشش کی اور لانگ آن پر کیچ دے بیٹھے۔ آصف علی 2رنز پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے ۔ طلعت حسین 9 جبکہ فہیم اشرف صفر پر آوٹ ہوئے۔بابر اعظم نے 68 رنزکی خوبصور ت ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جس میںاک چھکا اور 5چوکے شامل تھے۔ دوسرا میچ 26اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں