کابینہ نے بجلی نرخوں میں اضافے کی منظوری دیدی
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد... وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی کی قیمت ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ بڑھانے سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی کے فیصلے کی منظوری دے دی گئی ۔وزیرخزانہ اسد عمر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے ایک کروڑ 76 لاکھ گھریلو کنکشن پر کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ 300 سے 700 یونٹ والوں کےلئے 10 فیصد اور اس سے اوپر والوں کےلئے 15 فیصد اضافہ کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ 5 کے وی سے کم بجلی استعمال کرنےوالے کمرشل صارفین کےلئے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ایسے صارفین کی تعداد 95 فیصد ہے۔انہوں نے بتایا کہ ا سکولوں اور اسپتالوں کےلئے بھی بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ ملک کیلئے آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہوگا۔