Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سفارتخانہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھاتا رہے گا ، خان ہشام بن صدیق

    ریاض(جاویداقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو نہ صرف دنیا میں اجاگر کیا جائے بلکہ اس کے حل کے لئے مثبت اقدامات بھی کئے جائیں۔ وہ یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سفارتخانے میں جمعرات کی رات منعقدہ ایک تقریب میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریب حلف برداری کے خطاب میں اس بات کی وضاحت بھی کی تھی۔ خان ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کا منشور کشمیریوں کو زندگی ،تقریر اور آزادی کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور یہ کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں نے ان حقوق کے حصول کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ آزادی حاصل کرنے کے بعد ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق ہوگا اور یوں ان کے وطن کی تشکیل کا ایجنڈا مکمل ہوجائے گا۔خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اور ہندوستانی مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھاتا رہے گا۔ سفارتخانے میں ایک سوشل میڈیاسیل قائم کیا جائے گا جو ان مساعی میں سفارتخانے کی معاونت کرے گا۔ قبل ازیں سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر ڈاکٹر بلال احمد ، اسلامی تعاون تنظیم کے مرغوب سلیم بٹ اور سردار فاروق خان پر مشتمل ماہرین کے ایک پینل نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں، مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی غاصب فوج کے مظالم اور اقوام متحدہ کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی اور حاضرین کے سوالوں کے جواب دیئے۔ اجتماع سے سردار رزاق خان، گل زیب کیانی، ظہور احمد عباسی، سردار شعیب ، شکیل الرحمان، رانا عمر فاروق، صفی الرحمان،محمد خالد رانا، الیاس رحیم ، ڈاکٹر مجاہد قائم خانی ، شفیع عثمان خیل اور سردار مدثر خان نے بھی خطاب کیا اور مسئلہ کشمیر کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے کردار پر تنقید کی۔ انہوں نے شہدائے کشمیر کو  خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر مرغوب سلیم بٹ کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اجتماع کی منظور کردہ قرار داد پیش کی گئی۔ یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ اور انگلش سیکشن سلیمانیہ کے طلباء وطالبات نے اپنی بنائی تصاویر کی نمائش کی تھی۔ دونوں مدراس کے نمائش کاربچوں کو علیحدہ علیحدہ پہلا انعام سفیر پاکستان نے دیا۔
مزید پڑھیں:- - -  -عالمی اردومرکز کے زیراہتمام مجلس اقبال کا اجلاس

 

شیئر: