اپوزیشن ،حکومت کو چلنے دے ،چوہدری نثار
اسلام آباد... سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے خاموشی توڑ دی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہورہا۔ آج سیاست گالم گلوچ اور تصادم کادوسرا نام ہے۔سیاسی محاذ آرائی کا تدارک نہ کیا گیا تو ملک میں عدم استحکام بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب اور انتقام میں فرق ہونا چا ہئیے۔ہر طرف تصادم اور جنگ و جدل کاسامان ہے۔ اپوزیشن حکومت کوتھوڑا وقت دے اور چلنے دے تاکہ حکومت کی کارکردگی سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں شدید محاذ آرائی جاری ہے جو کہ تصادم کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس وقت ملک میں تصادم نہیں بھائی چارے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطرمحاذ آرائی سے گریز کیا جائے۔ جمہوری عمل سے ہی پاکستان کومضبوط کیا جاسکتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ میرے متعلق افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ کسی پارٹی میں شامل ہورہا ہوں۔ ابھی کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہورہا۔