Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعود ی نوجوانوں نے مسجد الحرام کی صفائی کا کام اپنے ہاتھ میں لے لیا

  مکہ مکرمہ ۔۔۔سعودی نوجوانوں نے مسجد الحرام کی صفائی کا کام اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ 50سے زیادہ سعودی نوجوانوں کی پہلی کھیپ اس مقصد کیلئے تیار کر لی گئی۔ یہ نوجوان حرم شریف کے صحنوں ، دالانوں اور چھت کی صفائی جدید ترین مشینوں کی مددسے کرینگے۔ انہیں ایک طرف تو صفائی کی نئی مشینیں استعمال کرنے کی تربیت دی گئی ۔ دوسری جانب انہیں حجاج ، معتمرین ،زائرین اور نمازیوں کے ساتھ مثالی شکل میں پیش آنے کی تعلیم بھی دی گئی۔ مسجد الحرام میں صفائی اور قالین والے ادارے کے انچارج نایف الجحدلی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پرانی مشینوں کی جگہ نئی مشینیں مہیا کی گئی ہیں۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ صفائی کا معیار بلند کرنے او ررکھنے کیلئے دستی صفائی کے بجائے مشینوں پر انحصار کرنے کی پالیسی اختیار کر چکی ہے۔ دریں اثناء حرم شریف کی صفائی کا اعزاز ملنے پر سعودی نوجوانو ںنے قلبی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ حرم شریف کی صفائی جیسی عظیم مہم کیلئے ان کا انتخاب ہوا ہے۔ ریاض المالکی نے کہا کہ میں اپنی خوشی کے اظہار کیلئے الفاظ نہیں پا رہا ہوں۔ میں عارضی طور پر نہیں بلکہ ہمیشہ کیلئے حرم مک کے خادم کی حیثیت سے کام کروں گا۔ میں اور تمام سعودی رفقاء کار اس بات کیلئے بے حد خوش ہیں کہ ہمیں مسجد الحرام کی صفائی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ احمد المورقی نے کہا کہ مسجد الحرام کی صفائی کیلئے تعینات کئے جانے والے پہلے سعودی دستہ میں شمولیت بڑا اعزاز ہے۔ اس پر میں اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ انسان کہیں بھی ملازمت کرتا ہے لیکن مسجد الحرام اور ضیوف الرحمان کی خدمت عبادت بھی ہے۔ خالد المالکی نے کہا کہ حرم شریف کی دھلائی کا سلسلہ صبح 6بجے سے سوا 7بجے تک چلتا ہے۔ پھر 9بجے سے سوا 10بجے تک صفائی کا کام انجام دیا جاتا ہے۔ الحمد للہ سعودی نوجوانوں نے مسجد الحرام کی صفائی کے عمل میں حصہ لے کر اپنے آپ کو منوا لیا ہے۔ تمام ساتھی پرجوش ہیں انتہائی جذبے سے صفائی کا کام سیکھا گیا ہے۔  

شیئر: