Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں سرما کی پہلی بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

 ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض 
 
 دو روز سے ریاض کی فضاوں پر چھائے بادلوں نے بلاآخر برسنا شروع کر ہی دیا جس سے موسم سہانا بھی ہوا اور دلفریب بھی۔ موسم سرما کی پہلی بارش کو ملکی و غیر ملکی افراد نے خوب انجوائے کیا اور باران رحمت برسنے پر اللہ کا شکر بھی ادا کیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بادلوں نے شہر ریاض کے مختلف علاقوں پر برسنا شروع کیا اور رات بھر ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ آج صبح باران رحمت پورے شہر کے علاوہ دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی خوب جم کر برسی ۔6 گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش نے جہاں موسم کو دلفریب اور حسین بنایا وہیں پر ایشیائی افراد کو مختلف پکوان بنانے کا بہانہ بھی مل گیا۔ سموسوں اور پکوڑوں کو نہ صرف گھر پر بنا کر موسم کا لطف دوبالا کیا گیا بلکہ مختلف چھوٹے ہوٹلوں پر بھی سموسوں اور پکوڑوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ اس کے علاوہ سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ دیگر افراد نے مچھلی فروش دوکانوں کا رخ کیا اور مچھلی کھا کر موسم سرما کو خوش آمدید کہا ۔پاکستانی افراد زیادہ تر بارش میں نہانا پسند کرتے ہیں۔ اس لئے منچلے نوجوانوں اور بچوں نے بارش میں نہا کر خوب مستی کا سماں پیدا کیا۔ بارش کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام رہی اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔جمع ہونے والے پانی کو بلدیہ کے اہلکار نکالنے میں مصروف رہے۔ ٹریفک کے معمولی حادثات بھی دیکھنے میں آئے تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اہل ریاض بارش کے غیر یقینی صورتحال سے خبردار رہیں کیونکہ اگلے مزید دو روز تک اسی طرح بارش ہونے کا امکان ہے۔
 
 

شیئر: