Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کے تحفظات

  لاہور:ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی اسکواڈ کیلئے 28 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے جس کا اعلان صدر پی ایچ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ 28نومبر سے ہند کے شہر بھونیشور میں شروع ہو رہا ہے جس میں 16 ٹیمیں شریک ہوں گی ۔ ایشین چیمپیئنز ٹرافی کیلئے ٹیم میں شامل نہ کئے جانے والے سینئر کھلاڑیوں راشد محمود اور شفقت رسول کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ ادھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے رویے سے کھلاڑی نہ صرف پریشان بلکہ نالاں ہیں۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے عہدیدار اگر حکومت کو قبول نہیں تواس میں کھلاڑیوں کا کیا قصور ہے ۔ عمان میں ایشین چیمپئنز ٹرافی میں گولڈ میڈل جیتا لیکن حکومتی سطح پر کسی نے مبارکباد تک نہیں دی۔ ڈیلی الاونس ابھی تک نہیں ملا، خالی جیب آخر کب تک کھیلتے رہیں گے۔ وزیراعظم کو چاہیے کہ ہمارے سر پر ہاتھ رکھیں، حوصلہ شکنی اور عدم توجہی کا سلسلہ جاری رہا تو ورلڈکپ میں اچھی پرفارمنس کیسے دے سکیں گے۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ فنڈ کے معاملات حکومت خوداپنے ہاتھ میں لے تا کہ کھلاڑی معاشی اور ذپنی طورپر مطمئن ہوکر ورلڈ کپ کھیلیں۔ کھلاڑیوں نے ڈیلی الاونسز کی ادائیگی یقینی نہ بنانے کی صورت میں احتجاج کا بھی عندیہ دیا ہے، دوسری جانب پی ایچ ایف کے ذمہ داروں نے کسی بدمزگی اور بدنامی سے بچنے کیلئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ 160 میچز کھیلنے والے گول کیپر عمران بٹ نے کہا ہے میچ کے دوران زیادہ دباوگول کیپر پر ہوتا ہے۔ ہندمیں میچز کے دوران یہ دباو کئی گنا بڑھ جاتاہے کیونکہ وہاں شائقین سمیت کچھ بھی آپ کے حق میں نہیں ہوتا، باہر مخالفانہ نعرے لگ رہے ہوتے ہیں ۔ اس ماحول میں بس ایک ہی بات ذہن میں ہوتی ہے کہ بہترین پرفارمنس سے ہی سب کو خاموش کرایا جاسکتا ہے اور یہ سب ذہنی اطمینان سے ممکن ہے۔ ورلڈکپ میں بہترین پرفارمنس دے کر سبز ہلالی پرچم بلند کرنے کی کوشش کریں گے۔ عمان میں ایشین چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل نہ ہونے کا افسوس ہے کیونکہ جس ردھم اور اعتماد میں تھے اس بار روایتی حریف کو بھی یقینی طور پرشکست د ے سکتے تھے ۔ 
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: