ہاکی فیڈریشن مالی مدد کیلئے کرکٹ بورڈ سے رجوع کرےگی، توقیر ڈار
لاہور :پاکستانی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ توقیر ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی مدد کیلئے کرکٹ بورڈ سے رجوع کرے گی تاکہ ورلڈ کپ میں شرکت کر سکیںاور اس سلسلے میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ توقیر ڈار نے کہا کہ ابھی یہ معلوم نہیں کہ ورلڈ کپ میں شریک ہو سکیں گے یا نہیں اس کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ چار دن سے حکومت سے ذاتی طور پر درخواست کر رہے ہیں کہ فنڈز دئیے جائیں، مجھے یقین ہے کہ فنڈز کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ مالی مدد کے لئے کرکٹ بورڈ سے رجوع کر رہے ہیں اور کل چیئر مین پی سی بی سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ ٹیم منیجر حسن سردار بھی اس موقع پر ساتھ ہوں گے۔ توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ہماری عزت قومی کھیل ہاکی سے ہے اور جس ماحول میں موجودہ کھلاڑی ہاکی کھیل رہے ہیں یہ بہت بڑی بات ہے ۔توقیر ڈار نے کہا کہ ہاکی کا بیڑہ ہم لوگوں نے خود غرق کیا ہے، ہاکی فیڈریشن کو جاب سینٹر بھی خود بنایا ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ جن لوگوں کو فیڈریشن سے باہر کیا جاتا ہے یا ان کی چھٹی کروا دی جاتی ہے وہ تنقیدشروع کر دیتے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں