آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا؟
اسلا م آباد...وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی کا نام جرم ثابت ہونے تک ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا۔ریڈیو امریکہ کو انٹرویو کے دوران شہریار آفریدی نے کہا کہ جب تک آسیہ بی بی کو کسی الزام میں مجرم قرار نہ دیا جائے یا اس ضمن میں کوئی عدالتی حکم نہ ہو، اس وقت تک ان کا نام ای سی ایل میں کسی صورت نہیں ڈالا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل ہر کسی کا قانونی اور شرعی حق ہے۔ اپیل پر عدالت عظمیٰ جو حکم دے گی اس پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی مجرم قرار نہ دیا جائے اور کوئی قانونی جواز نہ ہو، اس وقت تک ای سی ایل میں کیسے نام شامل ہوگا، اس بات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔آسیہ بی بی اور ان کا خاندان تاحال پاکستان میں ہے اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں وہ غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی خواہ اس کا تعلق کسی بھی مسلک یا مذہب سے ہو وہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔پاکستان میں کسی کو جان و مال سے کھیلنے یا اپنی شرائط مسلط کروانے کے لئے لائسنس نہیں دیا جا سکتا۔