Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنزورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز، ہند اورآسٹریلیا کی فتح

گیانا، ویسٹ انڈیز:ویسٹ انڈیز میں کھیلے جا رہے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچوں میں پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ہند اور میزبان ویسٹ انڈیز نے اپنے اپنے میچ بآسانی جیت لئے ۔ ویسٹ انڈین بولر دیوندرا ڈوٹن نے 6رنز دے کر5وکٹیں لیتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں بنیادی کردارادا کیا جبکہ ہندوستانی کپتان ہرمنپریت کور اس فارمیٹ میں سنچری اسکور کرنے والی پہلی ہندوستانی کرکٹر بھی بن گئیں۔ آسٹریلوی ٹیم نے اپنی بیٹر وکٹ کیپر ایلیسا ہیلی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر165رنز بنائے۔ ایلیسا نے صرف29گیندوں پر48رنز اسکور کئے جبکہ بیتھ مونی بھی 48رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔ پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض نے 25رنز دے کر 2وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر روایتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں گنواتی چلی گئی۔ سابق کپتان بسمہ معروف26رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں اور ٹیم8وکٹیں کے نقصان پر113رنز تک محدود رہی اور آسٹریلیا نے یہ میچ52رنز سے جیت لیا۔ ایلیسا ہیلی کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی ملا۔ ادھر نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہندوستانی کپتان ہرمنپریت کور نے49 گیندوں پر سنچری اسکور کرتے ہوئی فتح کی بنیاد رکھ دی تھی۔ وہ 103رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں جبکہ جمیما روڈرگز نے59رنز کی اننگز کھیلی۔ہندوستانی ٹیم5وکٹوں کے نقصان پر194رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو بڑا ہدف دینے میں کامیاب رہی جس کے دباو سے کیوی ٹیم نہیں نکل پائی اور 9وکٹوں پر160رنز تک محدود رہی۔ کپتان سوزی بیٹس نے67اورکیٹی مارٹن نے39رنز بنائے۔ہیم لتا اور پونم یادہ نے3،3وکٹیں لے کر34رنز سے ٹیم کو فتح دلا دی ۔ ہرمنپریت کور وومن آف دی میچ ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں۔ میزبان ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کا میچ بڑی حد تک یکطرفہ رہا ۔ ویسٹ انڈیز نے زیادہ اچھی بیٹنگ نہیں کی اور 8وکٹوں پر106رنز ہی بنا سکی۔ کیسیا نائٹ اور کپتان اسیفانی ٹیلر نے با ترتیب32اور29رنز اسکور کئے ۔ بنگلہ دیشی بولر جہاں آرا عالم نے3اوررومانہ احمد نے2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جوابی بیٹنگ میںبنگلہ دیشی ٹیم46رنز پر ڈھیر ہو کر60رنز سے شکست کھا گئی۔دویوندرا ڈاٹن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 6رنزکے عوض5وکٹیں حاصل کرکے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔شاکرہ سلمان نے2وکٹیں حاصل کیں۔دیوندرا ڈاٹن کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: