امام الحق کی سی ٹی اسکین کلیئر ، 3دن آرام کا مشورہ
ابوظبی:نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں باونسر لگنے سے زخمی ہونے والے پاکستانی اوپنر امام الحق کی حالت بہتر ہے اور سی ٹی اسکین بھی کلیئرہے تاہم ڈاکٹروں نے انہیں کم از کم3دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔امام الحق اس صورتحال کی وجہ سے آج ہونے والے تیسرے اور فیصلہ کن ون ن ڈے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ان کی عدم موجودگی ٹیم کیلئے دھچکا ہوگی کیونکہ انہوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کو نصف سنچری کا عمدہ آغاز فراہم کیا تھا جو ٹیم کی فتح کی بنیاد بھی بنا۔امام الحق نے فرگوسن کے باونسر پر ہٹ لگانے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے بلے پر نہ آ سکی اور سیدھی ہیلمٹ پر جا لگی جس کے بعد انہیں ایمبولنس میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سی ٹی اسکین کیا گیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق امام الحق ٹھیک ہیں تاہم ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ گیند لگنے کے باعث امام الحق کو جھٹکا لگنے سے پٹھوں میں کھچاو پیدا ہوا ہے۔ امام الحق کی مزید رپورٹس کل تک آئیں گی، رپورٹس آنے پر آئندہ میچز میں دستیابی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔امام الحق اسی سیریز میں ٹیم میں واپس آئے تھے وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی انجری کا شکار ہو کر ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ امام الحق کی دیکھ بھال کے لیے فزیو تھراپسٹ ان کے ساتھ ہوں گے۔ سرفراز احمد نے بھی تصدیق کی ہے کہ امام الحق اب بالکل ٹھیک ہیں اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیاہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں