الجبیل میں موسم سرما کی آمد کے حوالے سے رنگا رنگ پروگرام
احتیاط سے سرد موسم سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ،مدراینڈ کڈزکلب کے زیر اہتمام مذاکرہ
ثنابشیر۔ الاحساء
الجبیل میں رائس مَدر اینڈ کڈزکلب کی جانب سے موسمِ سرما کو خوش آمدید کہنے کیلئے رنگا نگ تقریب منعقد ہوئی جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں موسم سرما کو خوش آمدید کہنے کیلئے خواتین اور بچوں کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ اس موقع پر کلب کی جانب سے معلوماتی مذاکراہ منعقد کیا گیا جس میں کلب کی صدر رابعہ میر کا کہنا تھاکہ یوں تو سبھی موسم اپنے اندر خصوصیات رکھتے ہیں مگر موسم سرما کے رنگ کچھ مختلف ہیں۔ آجکل مملکت بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ٹھنڈی ہوائوں کی بدولت گرمی کی شدت بتدریج کم ہو چکی ہے۔ گرم کپڑے زیب تن کئے جارہیں اور اس کے ساتھ ہی پکوان بھی بدل گئے ہیں۔ خواتین بھی اپنی جلد کی حفاظت کیلئے مختلف جتن کر رہی ہیں تاکہ وہ سردی کی شدت سے محفوظ رہیں۔ تقریب میں شریک لینہ خان کا کہنا تھا کہ سردی میں جہاں بڑے متاثر ہوتے ہیں وہیں پر چھوٹے بچے بھی مختلف بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس کے لئے ذرا سی احتیاط سے سردی سے بچا جاسکتا ہے ۔ بچوں کے سینے کو گرم رکھنا اہم ہے تاکہ بچوں کو چیسٹ انفیکشن سے بچایا جاسکے۔ٹھنڈے مشروبات سے بچوں کوپرہیز کروائیں بلکہ بڑے بھی اس سے اجتناب کریں، خشک میوہ جات کے ساتھ ساتھ چائے اور ابلے انڈوں کا استعمال بھی سردی میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ انتظامی امور کی انچارج زوئنیافرخ نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر اس طرح کی تقریبات کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔ایسی تقریبات میں آپس میں تبادلہ خیال کرنے سے اچھی اور مفید معلومات میں اضافہ ہوتا ہے اور مل بیٹھنے کا موقع بھی میسر آتا ہے۔ منطقہ شرقیہ میں بھی سردی خوب ہوتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ سردی کی آمد سے قبل ہی تمام انتظامات مکمل کر لئے جائیں تاکہ سردی کو اچھے انداز میں انجوائے کیا جاسکے۔