ٹیسٹ سیریز: ٹرافی کی تقریب رونمائی اور پاکستانی اسکواڈ
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
ابوظبی: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ایک روز قبل ہونے والی تقریب میں ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ میزبان کپتان سرفراز احمد اور کیوی ہم منصب کین ولیمسن نے پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے جیت کا عزم ظاہر کیا۔ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی کیلئے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی حتمی الیون میں جگہ بنانا آسان نہیں ہوگا ۔ مبصرین کاکہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو پہلے ٹیسٹ میں کیپ ملنے کاامکان نظر نہیں آتا۔ نوجوان بیٹسمین سعد علی کو بھی نیوزی لینڈ کے خلاف 15رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے لیکن پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت بھی مشکل ہے ۔ فخر زمان کی عدم موجودگی میں پاکستانی اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور انجری سے فٹ ہونے والے امام الحق کریں گے۔ سابق کپتان اظہر علی ون ڈاون پر آئیں گے جبکہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین حارث سہیل چوتھے نمبر پر کھیلیں گے۔اسد شفیق پانچویں اور بابر اعظم چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔ ساتواں نمبر وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کا ہو گا ۔فاسٹ بولنگ میں محمد عباس ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 17 وکٹ لے کر مین آف دی سیریز کاایوارڈ جیتاتھا۔ دوسرے فاسٹ بولر ممکنہ طور پر حسن علی ہوں گے۔ بولنگ میں ٹیم کیلئے سب سے اہم یاسر شاہ ہیں جبکہ اسپنر بلال آصف ان کے دوسرے اینڈ پر موجود ہوں گے۔ دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے دبئی میں ہوگا جبکہ تیسراٹیسٹ پھر ابوظبی میں 3دسمبر سے شروع ہوگا۔ قبل ازیں 22 سیریز میں گرین کیپس نے 13میں فتح سمیٹی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کو 3 ٹیسٹ میں کامیابی حاصل ہوئی۔ 2016ءکی سیریز میں نیوزی لینڈنے پاکستان کو 0-2 سے ہراکر وائٹ واش فتح حاصل کی تھی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں