ٹوکیو۔۔۔جاپان کی سائبر سیکیورٹی کے نئے وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی زندگی میں کبھی کمپیوٹر استعمال نہیں کیا ۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں نت نئی ایجاد میں مہارت رکھنے والے جاپان کے ایک وزیر کی جانب سے یہ انکشاف مقامی عوام کیلئے کسی بڑے دھچکے سے کم نہ تھا۔ یوشی تاکا سکورادا سائبر سیکیورٹی کے نئے وزیر کے عہدے پر تعینات ہوئے ہیں۔ایوان زیریں میں ایک قانون دان مساتو ایمائی کی جانب سے کیے گئے سوال کے جواب میں یوشی تاکا نے بتایا کہ وہ جب 25 سال کی عمر کو پہنچے اور خود مختار ہوئے، وہ اپنے اسٹاف اور سیکریٹریز کو ہدایات جاری کر دیتے ہیں، انہوں نے کبھی کمپیوٹر کو ہاتھ نہیں لگایا۔68 سالہ وزیر کو گزشتہ ماہ ہی یہ ذمے داری سونپی گئی تھی ۔ یوشی تاکا کو 2020 کے ٹوکیو اولمپکس کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک کے انسداد ہیکنگ سسٹم کا نگراں بھی مقرر کیا گیاہے۔