ممبئی: فڑنویس حکومت کیخلاف ہزاروں کسانوں کی’’ ہلّا بول ‘‘تحریک کا آغاز
جمعرات 22 نومبر 2018 3:00
ممبئی۔۔۔۔۔مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی حکومت کیخلاف آج کسانوں نے ’’ ہلّا بول‘‘تحریک کا آغاز کرتے ہوئے لوک سنگھرش مورچہ کی قیادت میں مظاہرہ کیا۔کسان بڑی تعداد میں ملند سے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے آزاد میدان میں جمع ہوئے اور نعرے بازی کی۔انہوں نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلیوں کے زمینی مسائل حل کئے جائیں، لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے ، خشک سالی سے راحت ، اشیاء کی قیمتوں میں توازن اورسوامی ناتھ رپورٹ جلد نافذ کی جائے۔اطلاعات کے مطابق تحریک میں شامل بعض کسانوں کی حالت خراب ہورہی ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی طبی امداد فراہم نہیں کی جارہی۔ مقامی کسانوں کی تنظیمیں انہیں راحت رسانی کے کام انجام دے رہی ہیں۔واضح ہو کہ امسال مارچ میں 30ہزار کسان 180کلومیٹر طویل سفر طے کرکے مطالبات منوانے کیلئے ممبئی کے آزاد گراؤنڈ پہنچے تھے۔ریاست میں گزشتہ سال خشک سالی کی وجہ کسانوں کی فصلیں تباہ ہوگئیں جس سے مقروض کسانوں کی بڑی تعداد خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئی۔