Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل اسکول غیر ملکیوں کی جگہ سعودی اساتذہ کی تقرری کریں، وزارت تعلیم

    ریاض - - -  - - سعودی  وزارت تعلیم نے  انٹرنیشنل  اور نجی اسکولوں کے  مالکان کو حکم دیا ہے کہ  وہ اپنے  یہاں  غیر ملکی  اساتذہ، منتظمین اور نگرانوں کی جگہ  سعودیوں کی تقرریاں کریں۔  1440 ھ تعلیمی  سال  کی پہلی  ششماہی کے  اختتام تک   اس پر عملدرآمد کرلیا جائے۔   تفصیلات کے  مطابق  ریاض ریجن میں  محکمہ تعلیم نے تمام نجی اور غیر ملکی اسکولوں کو  اپنے یہاں غیر ملکی  اساتذہ ، منتظمین  اور نگرانوں کی جگہ سعودیوں کی  تقرری کا حکم جاری کردیا۔  الوطن اخبار نے اسکی  تفصیلات  دیتے ہوئے واضح کیا کہ  اسکول سیکریٹری ، اسٹوڈنٹ گائڈ اور غیر نصابی  سرگرمیوں  کا انچارج سعودی ہوگا۔  علاوہ ازیں رواں تعلیمی سال 1440ھ کی پہلی ششماہی کے اختتام تک انتظامیہ میں سعودیوں کی  تقرری لازمی ہوگی۔محکمہ تعلیم نے نجی اور  انٹرنیشنل اسکولوں کو  تحریری طور پر اطلاع دی ہے کہ  مذکورہ  ہدایت پر عملدرآمد کیا جانا ضروری ہے۔ وزارت تعلیم نے یہ  فیصلہ سعودی کابینہ کے  اس فیصلے کے تناظر میں جاری کیا ہے جس میں  نجی  اور  انٹرنیشنل اسکولوں کے مالکان کو سعود ی پرنسپلز کی تقرری کا حکم دیا گیا تھا۔  وزارت تعلیم نے  نجی اور    انٹرنیشنل  اسکولوں کے  پرنسپلز کی تقرری اور  توسیع سے متعلق نئے قاعدے ضابطے جاری کئے ہیں۔ عملدرآمد  آئندہ تعلیمی سال 1441 ھ سے کیا جائے گا۔   وزارت تعلیم نے  توجہ دلائی ہے کہ  اگر کسی  اسکول  کا پرنسپل  اپنے ذاتی حالات کے باعث  سبکدوش  ہونے کا خواہشمند ہو  تو اسے  تعلیمی سال ختم ہونے سے  دو ماہ قبل اسکول کے مالک  اور  ادارہ تعلیم کو  تحریری طور پر  اپنی اس  خواہش سے مطلع کرنا ہوگا۔    وزارت نے یہ بھی بتایا ہے کہ   اگر  2 تعلیمی سیشنز کے دوران پرنسپل کو کارکردگی کے حوالے سے  80  فیصدسے کم نمبر ملے ہو ں  تو ایسی صورت میں اسے ملازمت سے سبکدوش کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:- - - - -شاہ سلمان نے 85ارب ریال لاگت کے وعد الشمال منصوبوں کا افتتاح کردیا

 

شیئر: