چٹاگانگ ٹیسٹ: ایک دن میں 17وکٹیں، میچ دلچسپ مرحلے میں
چٹاگانگ: بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بولرز کا راج رہا اور مجموعی طور پر17وکٹیں گریںجبکہ میچ بھی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے ۔ پہلی اننگز میں 324پر آوٹ ہونے والی میزبان ٹیم کے بولرز نے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں246رنز پر ڈھیر کردیا تاہم دوسری اننگز میں بنگلہ دیش 55رنز پر5وکٹوں سے محروم ہو چکا ہے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں5وکٹوں کے نقصان پر55رنز بناتے ہوئے 133رنز کی برتری حاصل کرلی۔ دوسرے دن کی خاص بات کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بنگلہ دیشی بولر نعیم حسن کی عمدہ بولنگ تھی جس نے61رنز دے کر 5وکٹیں لیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلے دن کے اسکور 315رنز 8کھلاڑی آوٹ پردوبارہ بیٹنگ شروع کی تھی لیکن باقی 2وکٹیں اسکور میں9رنز کا اضافہ کرکے گر گئیں۔نعیم حسن 26 رنزپر جبکہ مستفیض بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے ۔ تیج الاسلام39رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔شینن گیبریئل اور جومل واریکان نے4،4وکٹیں لیں۔ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کا آغاز انتہائی خراب رہا اور 31رنز پر اس کی 3وکٹیں گر گئی تھیں۔ اگر مڈل آرڈر میںشیمرون ہیٹمائر اور وکٹ کیپر شینن ڈاﺅرچ 63-63رنز نہ بناتے تو بیٹنگ لائن مکمل تباہی سے دوچار ہو جاتی۔نعیم حسن نے اپنے پہلے ٹیسٹ کو یادگار بناتے ہوئے5 جبکہ کپتان شکیب الحسن نے3وکٹیں لیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو246رنز پر آوٹ کردیا ۔بنگلہ دیشی ٹیم نے78رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی لیکن اس مرتبہ اس کی بیٹنگ بھی لڑکھڑا گئی اور صرف55کے اسکور پر آدھی ٹیم واپس پویلین پہنچ گئی ۔محمد متھن17رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، خراب روشنی کی وجہ کھیل جلد ختم ہوا تو مشفق الرحیم11اور مہدی حسن بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔جومل واریکان اور روسٹن چیز نے2-2کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ ایک وکٹ دویندرا بشو نے حاصل کی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں