Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی

پرائس انڈیکس میں 54.82پوائنٹس کا انحطاط ، سرمایہ کاروں کو 16ارب ریال کا نقصان 
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بھی بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتو ں میں 1.62فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی تجارتی کشیدگی کے باعث عالمی معیشت میں سست روی کی بناءپر سعودی اسٹاک مارکیٹ میں ایک بار پھر مندی دیکھی گئی اور تداول آل شیئر انڈیکس 54.85پوائنٹس کی کمی کے بعد 7607.32پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ گزشتہ ہفتے سارے اشاریے منفی زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 0.72فیصد کی کمی ، سودوں اور حجم میں بالترتیب 13.8فیصد اور 8.6فیصد کی کمی نوٹ کی گئی۔ کاروباری مالیت 17.2فیصد انحطاط کے بعد13.7ارب ریال تک گر گئی۔ قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو 16ارب ریال کا نقصان ہوا۔ نقصان اٹھانے والی کمپنیوں میں سعودی انڈسٹریل ایکسپورٹ ٹاپ پر رہی۔ ہم پہلے ہی لکھ چکے ہیں کہ سرمایہ کار ہوشیار رہیں کیونکہ اس کی قیمت بغیر کسی مالیاتی وجہ کے بڑھ رہی تھی۔ گزشتہ ہفتے اس کی قیمت 54.66ریال کی کمی کے بعد134ریال سے گر کر 79.30ریال پر آگئی۔ ابھی اس کی قیمت اور بھی گر سکتی ہے۔ نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر شرکہ دور الضیافہ رہی۔ ہیوی ویٹ سابک کی قدر 2فیصد انحطاط کے بعد117.40ریال تک گر گئی جبکہ سعودی بجٹ کار کی قیمت 7.27فیصد کمی کے بعد 28.15ریال تک گر گئی۔ منافع میں جانے والی کمپنیوں میں انعم ہولڈنگ ٹاپ پر رہی۔ منافع کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر نیشنل کمپنی فار لرنگ اینڈ ایجوکیشن رہی جس نے 18نومبر کو تداول میں قدم رکھا اور 22نومبر کو 8.11فیصد اضافے کے بعد20.54ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے امانہ انشورنس کو 100ملین ریال کا سرمایہ رائٹ شیئرز کے ذریعے بڑھانے کی اجازت دیدی ہے۔ واضح رہے کہ امانہ انشورنس اُن کمپنیوں میں شامل ہے جو اپنے سرمائے کا 20سے 35فیصد حصہ کھو چکی ہیں۔
 

شیئر: