ریاض .... سعودی حکومت نے پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر 200ریال جرمانہ لاگو کردیا۔ ام القریٰ سرکاری گزٹ نے انسداد تمباکو نوشی قوانین و ضوابط کی تفصیلات 20ربیع الاول 1440ھ کو شائع کردیں۔سعودی حکومت نے اس حوالے سے انتباہ دیا ہے کہ مساجد کے اطراف اور دیگرمقامات پر سگریٹ نوشی منع ہے۔وزارتوں ، سرکاری فیکٹریوں ، پبلک اداروں ، اتھارٹیز ، انکی شاخوں اور تمام سرکاری مقامات پر کسی کو بھی سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں۔ اسی طرح تعلیمی ، صحت ، ثقافتی ، سماجی ، فلاحی اور کھیل کود کے اداروں میں بھی سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کرد گئی ہے۔ سعودی حکومت نے کمپنیوں ، اداروں ، کارخانوں ، بینکوں اور انکے دائرے میں آنے والے تمام مقامات نیز پبلک ٹرانسپورٹ وہ برّی ہوں، فضائی ہوں یا سمندری ہوں میں سگریٹ نوشی کی ممانعت کردی ہے۔ حکومت نے کھانا بنانے ، غذائی اشیاءاور مشروبات تیار کرنے والے مقامات کو بھی سگریٹ نوشی کے حوالے سے ممنوعہ مقامات میں شامل کردیا۔ پیٹرول کی پیداوار ، اسکی مصنوعات ، پیٹرول کی منتقلی، تقسیم، صفائی ، پیٹرول اور گیس کی تقسیم و فروخت کے مراکز میں بھی سگریٹ نہیں پی جاسکتی۔ علاوہ ازیں گوداموں ، لفٹس،طہارت خانوں میں بھی سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایسے تمام پبلک مقامات جن کا ذکر مذکورہ فہرست میں نہیں آیا وہ بھی سگریٹ نوشی کے حوالے سے ممنوعہ مقامات کا حصہ ہونگے۔ سعودی حکومت نے سگریٹ نوشی کیلئے مقامات مخصوص کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ایسے مقامات پر 18برس سے کم عمر افراد کو سگریٹ کا شوق کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جو شخص بھی خلاف قانون سگریٹ استعمال کریگا اس پر 200ریال جرمانہ ہوگا۔