نئی نوکریوں اور گاڑیاں خریدنے پر پابندی
اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کے بجٹ میں 10 فیصد کمی کرکے نئی آسامیاں پیدا کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت 2018-19ءکے دوران تمام وزارتوں اور ڈویژنز سمیت ماتحت اداروں کے جاری اخراجات میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے جب کہ نئی آسامیاں پیدا کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ صرف ترقیاتی منصوبوں کے لیے ضرورت کے مطابق مجاز اتھارٹی کی منظوری سے نئی آسامیاں پیدا کی جاسکیں گی۔ علاوہ ازیں حکومت نے رواں مالی سال 2018-19ءکے دوران تمام وزارتوں اور ڈویژنز سمیت ماتحت اداروں پر ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کے تحت موٹر سائیکل کے سوا باقی ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، تاہم وزارت خزانہ سے این او سی حاصل کرکے صرف امن و امان قائم رکھنے والے اداروں کے لیے آپریشنل گاڑیاں خریدی جاسکیں گی۔ تمام وزارتوں، ڈویژنز اور ماتحت اداروں کے پرنسپل اکاونٹنگ افسران (پی اے اوز) سے کہا گیا ہے کہ2018-19ءکے وفاقی بجٹ میں جاری اخراجات اور درستگی و مرمت کے علاوہ اخراجات جاریہ کی مد میں مختص کردہ بجٹ میں 10 فیصد بچت کی ورکنگ 15 دسمبر تک مکمل کی جائے اور یہ رقم واپس قومی خزانے کے حوالے کی جائے ۔