Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاباش یاسرشاہ : ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200وکٹوں کا ریکارڈ بنا دیا

ابوظبی: پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا 82 سال پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ یاسر شاہ نے 33 میچز میں 200 وکٹیں حاصل کر کے تیز ترین وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا، اس سے قبل آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گریمٹ نے 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ یاسر شاہ نے یہ ورلڈ ریکارڈ 33ویں میچ میں ہی حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظبی میں کھیلے جانیوالے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے پہلے ہی سیشن میں یاسر شاہ نے یہ کامیابی سمیٹ لی۔ ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل یاسر شاہ کو 5وکٹیں درکار تھیں جو انہوں نے پہلی اننگز میں 3وکٹیں حاصل کیں اور دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی پہلی 3میں سے 2وکٹیں حاصل کر کے منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔ اس طرح وہ پہلے بولر ہیں جنہوں نے تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کی ہیں۔لیگ اسپنر یاسر شاہ نے اسی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 14 وکٹیں حاصل کی تھیں وہ ان کے کیرئیر کی بہترین بولنگ تھی اور پاکستان کو میچ جتوانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ پاکستان نے دوسرا میچ جیت کر سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی تھی جبکہ سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیزطریقے سے نیوزی لینڈ نے 4رنز سے جیت لیا تھا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: