یوم بیعت ...شاہ سلمان کے دور میں ترقی
ہانی الظاہری ۔ عکاظ
سعودی عرب نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے یوم بیعت کا چوتھا جشن شان و شوکت کے ساتھ منایا۔ سعودی باشندوں نے اس موقع پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ انکا ملک 4برس کے ریکارڈ وقت میں اہم اقتصادی اور سیاسی طاقت بن گیا ہے۔ پورا ملک ورکشاپ کی شکل اختیار کر گیا۔ اتنا زیادہ کام عربوں نے 2صدیوں کے دوران نہیں دیکھا جتنا کہ شاہ سلمان کے 4سالہ عہد اقتدا ر کے دوران دیکھنے میں آیا۔ عالمی سطح پر مملکت کا نقشہ بدل گیا۔ اب وہ بین الاقوامی اقتصاد کے استحکام کا اہم کھلاڑی ،مسلم ممالک کی پالیسیوں کا حقیقی محرک اور عسکری قیادت کا مرکز بھی بن گیا۔ مسلمانوں کا روحانی مرکز تو پہلے ہی سے تھا۔
سعودی عرب اب وہ ملک نہیں رہا جو بین الاقوامی حلیفوں کی طرف اپنے دفاع کیلئے دیکھا کرتا تھا۔ دشمن یہی چاہتے تھے کہ سعودی عرب خارجی اتحادیوں پر منحصر رہے۔ قدیم اتحادیوں کو یقین تھا کہ سعودی عرب جس طرح علاقائی انارکی کے دوران انکی سودے بازی کے آگے جھک جاتا تھا۔ اب بھی ایسا ہی ہوگا۔ قدیم اتحادیوں کو اس حوالے سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
سعودی عرب نے حالیہ برسوں کے دوران مختلف اقدامات کرکے پوری دنیا کو چونکا دیا۔ ثابت کردیا کہ وہ عظیم سیاسی و عسکری طاقت ہے۔ وہ واقعات کا توازن پلٹنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ وہ اپنے مفادات کے خلاف دشمنوں کی کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت کا مالک ہے۔ وہ خطے میں بین الاقوامی توازن کے حوالے سے ناقابل تسخیر بن چکا ہے۔ مملکت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ لیتے وقت خارجی طاقتوں کو کئی بار سوچنا ہوگا۔
سعودی عرب وژن 2030کے اعلان کے بعد بین الاقوامی اقتصادی ورکشاپ میں تبدیل ہوگیا۔ وژن 2030نے دنیا بھر کے ماہرین اقتصاد کو اچنبھے میں ڈالدیا۔ بین الاقوامی میگزین فوربس نے 2سال پہلے ایک رپورٹ جاری کی تھی۔ جسکا عنوان تھا ”سعودیوں نے دنیا کو اچنبھے میں ڈالدیا“ میگزین نے اپنی اس رپورٹ میں بتایا تھا کہ مغربی ممالک میں سعودیوں کی روایتی تصویر کے باوجود اب یہ ثابت ہوگیا ہے کہ سعودی عوام سرمایہ کاروں کے ذہن سے سوچنے لگے ہیں۔ نوکر شاہی والے دماغ سے یا مذہبی عناصر والے انداز سے نہیں۔
4برس کے دوران سیاسی عزم اور عظیم الشان اقتصادی سرگرمیوں نے منفرد قائد شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرقیادت سعودی عرب کو نیا روپ دیدیا۔ یہ وہ روپ ہے جسے عرب اور مسلم اقوام پسند کررہی ہیں۔ سعودی عوام جی جان سے اس روپ کے دیوانے ہیں۔ وہی عوام جنہوں نے3ربیع الثانی 1440ھ کو اپنے قائد اعلیٰ سے چوتھی بار بیعت کی۔ تجدید اور عہد و وفاکے پیمان کا اعادہ کیا۔ اللہ تعالیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی پاسبانی کرے۔ انکی عمر دراز کرے اور سعودی عرب انکے سائبان تلے امن وامان اور ترقی و خوشحالی کا سفر یونہی طے کرتا رہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭