Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرجانہ کیس:ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے15کروڑ روپے مانگ لئے

ممبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر ہندوستانی بورڈ سے 70 ملین ڈالر ہرجانے کا دعوی کیا تھا جس کا فیصلہ آئی سی سی کی کمیٹی نے ہندوستان کے حق میں کردیا، جب پاکستان یہ کیس ہار گیا تو اب ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے ہرجانہ کیس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس کیس کے اخراجات کی مد میں پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے اس مقصد کیلئے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی تنازعات کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف سے رابطہ کر لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہند کی جانب سے باہمی کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے کیس کیا تھا تاہم مائیکل بیلوف کی ہی سربراہی میں آئی سی سی کمیٹی نے کیس کا فیصلہ ہندوستانی بورڈ کے حق میں دے دیا تھا جس کے بعد اب ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستانی کرکٹ بورڈ کیس پر آنے والے اخراجات کا پاکستان سے ازالہ چاہتا ہے۔واضح رہے کہ سابق چیئر مین نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے 2014 کی متنازعہ بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں پاک و ہند کے درمیان 2015ءسے 2023ء تک 6 سیریز ہونا تھی جن میں 14 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹوئنٹی شامل تھے لیکن ہندوستانی بورڈ نے بعد ازاں حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کا بہانہ کرکے کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابھی اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: