حکومت مان گئی
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
اسلا م آباد... تحریک انصاف کی حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین تسلیم کر لیا ۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین تسلیم کر لیا ۔ روایات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں چیئرمین پی اے سی مانا ہے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی بنے گی۔ کمیٹی کا سربراہ تحریک انصاف سے ہوگا۔ایک سوال پر وزیر دفاع نے کہاکہ مجبوریاں نہیں لیکن ایوان کو چلانا تھا۔ روایت کو تسلیم کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین پی اے سی مانا۔ اس سوال پر کہ اب اس پر یوٹرن تو نہیں لیا جائے گا ۔پرویز خٹک نے جواب دینے سے گریز کیا۔ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تسلیم کر لیا کہ شہباز شریف ہی چیئرمین اے سی ہوں گے۔ اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ قبل ازیںحکومتی وفد نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پرمشاورت کی گئی۔ شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ حکومتی وفد نے مسلم لیگ ن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی مشاورت ہوئی ۔