امریکہ نے چین پر ایک اور الزام لگا دیا
نیویارک...امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے میریٹ انٹر نیشنل ہوٹلز کے صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے میں چین کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پومپیو نے فاکس نیوز کے پروگرام میں تصدیق کی کہ حکومت کا موقف ہے کہ میریٹ ہوٹلز صارفین کے ڈیٹا کی چوری میں چین ملوث ہے۔ چین نے دنیا بھر میں سائبر حملے کئے ہیں۔امر یکہ کی جانب سے چین پر میریٹ ہوٹلز کے ڈیٹا ہیکنگ کا الزام واشنگٹن اوربیجنگ کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی اور جاسوسی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں عائد کیا گیا۔گزشتہ ہفتے کینیڈا نے امر یکہ کی درخواست پر چین کی ٹیلی کام کمپنی کی چیف فنانشل ایگزیکٹو کو گرفتار کیا تھا۔ ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی اور امر یکہ کے ساتھ دھوکہ دہی کے الزامات عائد تھے بعد ازاں چین نے کینڈا کے سابق سفیر مائیکل کوورگ گرفتار کیا، جو انٹرنیشنل کرائسز گروپ کےلئے ملازمت کرتے ہیں۔