آکلینڈ ۔۔۔ موسمی تبدیلیوں کا عمل ایک عرصے سے دنیا بھر میں جاری ہے جہاں گرمیا ں پڑتی تھیں وہاں کا موسم ٹھنڈا ہوتا جارہا ہے ۔ بارشیں خشک اور ویران صحرائی یا نیم صحرائی علاقوں کا رخ کررہی ہیں جس کے نتیجے میں سب سے زیادہ اثرآبی حیاتیات پر پڑرہا ہے۔ مقامی ماہرین اور موسمی اداروں کے ذمہ داران نے انکشاف کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقوں میں چند ہفتوں سے بڑی تعداد میں وہیلوں کی ہلاکتیں ہورہی ہیں۔ انکا کہناہے کہ یہ وہیلیں ایک عجیب اور غیر مانوس انداز سے جھنڈ بناکر ساحل کے قریب آتی ہیں اور ریت میں پھنس جانے کے بعد قدرتی طور پر یا جان بوجھ کر دم توڑ دیتی ہیں۔ کچھ وہیلیں بیچ سمندر میں ہی ہلاک ہوچکی ہوتی ہیں جن کی باقیات تیز سمندری لہروں کیساتھ ساحلوں پر آجاتی ہیں مگر اس وقت تک ان وہیلوں کی شکل ، ہیئت بیحد تبدیل ہوچکی ہوتی ہے اور ان سے اتنی بو اٹھتی ہے کہ سانس لینا بھی مشکل ہوتا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس قسم کے 5واقعات رونما ہوچکے ہیں۔