Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیت شاہ حیدرآباد آئینگے

حیدرآباد ۔۔۔  بی جے پی کے صدر امیت شاہ 24دسمبر کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے تاکہ تلنگانہ میں حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کا جائزہ لیا جاسکے۔تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں وزیراعظم مودی ، بی جے پی کے صدر امیت شاہ،یوپی کے وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ سمیت کئی مرکز ی وزرا نے انتخابی مہم چلائی تھی تاہم بی جے پی کو ان انتخابات میں شرمناک شکست کا سامناکرناپڑا کیونکہ بی جے پی نے ریاست کی 119نشستوں کے منجملہ 118 پر مقابلہ کیا تھا ۔گزشتہ اسمبلی میں اسکے5 ارکان تھے تاہم زعفرانی جماعت کا صرف ایک ہی رکن اسمبلی منتخب ہوسکا۔بی جے پی نے کسی بھی جماعت سے مفاہمت کئے بغیر تنہا ان انتخابات کا سامنا کیا تھا۔یہاں تک کہ اسکے ریاستی یونٹ کے صدر کے لکشمن اور سینئر لیڈر کشن ریڈی کو بھی شکست ہوگئی ۔ان انتخابی نتائج کی وجوہ کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے لیڈران مجوزہ لوک سبھا اور ادارہ جات مقامی کے انتخابات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیں گے۔بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن کے مطابق پارٹی انتخابی نتائج کا مکمل جائزہ لے گی اور مودی کو دوبارہ 2019میں وزیراعظم بنانے کے مقصد سے لوک سبھا کے انتخابات کیلئے تیار ہوگی۔مودی بھی جنوری میں ریاستی دارالحکومت کا دورہ کریں گے اور پارٹی لیڈروں و کارکنوں سے خطاب کریں گے۔نئی دہلی میں 11اور12جنوری کو قومی کونسل کی میٹنگ میں بھی مودی اور شاہ تمام لوک سبھا کی نشستوں پر پارٹی کے موقف کے بارے میں شخصی طورپر جائزہ لیں گے۔
 

شیئر: