105طلباءو طالبات کی شرکت، علم کا حصول آسان اور سستا بنایا جائے، عمر چھاپڑا، خلق خدا کی خدمت کو پہچان بنائیں، طیب موسانی
جدہ ( زبیر پٹیل ) میمن ویلفیئر سوسائٹی (ماسا) نے ہونہار طلباءاور طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا۔ 105طلبا ءو طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ یہ ساتویں سالانہ تقریب تھی۔ کلاس جی سے لیکر انجینیئرنگ ، ڈاکٹری اور چارٹر ڈ اکاﺅنٹنٹ تک کے طلباءو طالبات شامل تھے۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا۔ حافظ عبداللہ نے اسکا اعزاز حاصل کیا۔ بارہ گاہ رسالت میں نعتیہ کلام احمد عرفان نے پیش کیا۔ انزلنہ جاوید نے علامہ اقبال کی نظم پڑھ کر سنائی۔ ماسا کے صدر عرفان حاجی احمد کولسا والا نے خطبہ استقبالیہ میںحاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد سے ہمیں نئی توانائی اور حوصلہ ملتا ہے۔ سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے ماسا کی کارکردگی پر مفصل رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ علم کے بغیر عمل اور تعلیم کے بغیر تربیت بے معنی ہے۔ انہوں نے خاموشی سے کام کرنے والے کمیونٹی کے مخیر حضرات کو خراج شکر و تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کے تعاون کی بدولت ہی کمیونٹی کی صلاح و فلاح کا مشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور خلق خدا کی خدمت کو اپنی پہچان بنائیں۔ مہمان خصوصی ماہر معاشیات و دانشور ڈاکٹر محمد عمر چھاپڑا نے کہا کہ علم کے حصول کو آسان اور سستا بنایا جائے۔ محمد بدی، ڈاکٹر محمد عمر چھاپڑا، شیخ لقمان، فواد چھاپڑا، عبداللہ خطیب، ماسا کے صدر اور سیکریٹری جنرل نے طلباءو طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔قرعہ اندازی کے ذریعے پاکستان اور دبئی کیلئے ٹکٹ سمیت کئی تحائف پیش کئے گئے۔ نظامت کے فرائض وسیم تائی ، شعیب سکندر اور سراج آدمجی نے انجام دیئے۔ احمد کمال مکی، صادق سوراٹھیا، عبدالقادر افریقہ والا،عبدالقادر تیلی، رشید کاسمانی اور جاوید اشرف خیرانی نے تقریب کو کامیاب بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ماسا کے عبدالرشید کاسمانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی اس روایت کو برقرار رکھنے کی امید ظاہر کی۔