Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور مصر دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر متفق

راولپنڈی... پاکستان اور مصر کی عسکری قیادت نے دفاعی، انٹیلی جنس اور تربیت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ مصر کے دورے پر ہیں۔ آرمی چیف نے مصری افواج کے سربراہ جنرل محمد زکی سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیردفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد فرید ہگازے سے بھی ملاقات کی ۔مصری عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں اہم امور اور دفاعی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاکستان اور مصر کی عسکری قیادت نے علاقائی امن و ا ستحکام میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مصری افواج کے سربراہ نے دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی کاوشوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا ہے۔ جنر باجوہ نے الازہر یونیورسٹی کے شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ شیخ احمد الطیب نے انتہا پسندی کے خلاف پیغام پاکستان فتویٰ کو بھی سراہا اور انسداد دہشت گردی کے لئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔شیخ احمد الطیب نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔ اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نہیں جوڑنا چاہئے۔ جنرل باجوہ نے نوجوانان اسلام کو جدت، رواداری اور سائنس و ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شیئر: