Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمشق ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا 7 جنوری سے آغاز

بین الاقوامی امدادی طیارے اور غیر ملکی سفارتی وفود پہلے ہی شام میں اتر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
شام میں حکام نے کہا ہے کہ دمشق میں ملک کا مرکزی ایئرپورٹ اگلے ہفتے سے بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کر دے گا کیونکہ گذشتہ ماہ صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد پروازیں روک دی گئی تھیں۔
اے ایف پی کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے سنیچر کو شہری ہوا بازی اور فضائی ٹرانسپورٹ کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ اشہد الصلیبی کے حوالے سے بتایا کہ ’ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم منگل سے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے اور وہاں سے بین الاقوامی پروازیں شروع کر دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم عرب اور بین الاقوامی ایئرلائنز کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم نے اپنے شراکت داروں کی مدد سے حلب اور دمشق کے ہوائی اڈوں کی بحالی کا مرحلہ شروع کر دیا ہے تاکہ وہ پوری دنیا سے آنے والی پروازوں کا خیرمقدم کر سکیں۔‘
بین الاقوامی امدادی طیارے اور غیر ملکی سفارتی وفود پہلے ہی شام میں اتر رہے ہیں۔ اندرون ملک پروازیں بھی بحال ہو گئی ہیں۔
جمعرات کو قطر ایئرویز نے اعلان کیا کہ وہ منگل کو تین ہفتہ وار پروازوں کے ساتھ تقریباً 13 سال بعد شام کے دارالحکومت کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔
ایک قطری اہلکار نے گذشتہ ماہ اے ایف پی کو بتایا کہ دوحہ نے شام کے نئے حکام کو دمشق کے ہوائی اڈے پر دوبارہ آپریشن شروع کرنے میں مدد کی پیشکش کی تھی۔
اے ایف پی کے صحافیوں نے دیکھا کہ 18 دسمبر کو پہلی پرواز دمشق کے ہوائی اڈے سے ملک کے شمال میں حلب کے لیے روانہ ہوئی۔

شیئر: