پشاور: حکومت کی جانب سے پشاور بس منصوبے کےلئے 20 بسیں منگوائی گئی ہیں جنہیں ابتدائی طور پر 23 مارچ سے شروع کرکے منصوبے کا افتتاح کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پہلی 20 بسوں کی کھیپ فروری کے وسط تک پشاور پہنچنے کی توقع ہے تاہم منصوبے کی تکمیل تک 200 مزید بسیں منگوائی جائیں گی جن کی آمد جون میں ہو جائے گی۔ پشاور بس منصوبہ اپنی تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پل، انڈر پاس، سڑکیں اور اسٹیشنز کی تعمیر کا بیشتر کام مکمل ہو چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کو مرحلہ وار شروع کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں 23 مارچ کو ریچ ون یعنی چمکنی اسٹیشن سے گاڑیاں چلائی جائیں گی۔ منصوبے کا افتتاح وزیر اعلیٰ کے پی کے کریں گے۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بسوں میں معذور افراد کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا ہے جبکہ وہیل چیئرز کے لیے بھی جگہ مختص ہے اور گاڑیوں میں حفاظتی بیلٹس بھی موجود ہے۔