Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجٹ مستقبل کے وژن کے مطابق ہے، محمد بن سلمان

ریاض ۔۔۔ ولی عہد مملکت ، وزیر دفاع اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت میں تیز رفتار اقتصادی ترقی درست سمت میں گامزن ہے ۔ مملکت کے مستقبل کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے کام جاری ہے ۔ نجی شعبے کی ترقی اور شہریوں کی معاشی حد میں اضافے کےلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ سعودی عرب کے قومی بجٹ 2019 کے اعلان کے بعد ولی عہد مملکت نے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ حالیہ پیش کردہ بجٹ بہترین ہے جس سے مملکت کی معاشی اور مالی امور میں مزید بہتری آئے گی ۔ ولی عہد نے مزید کہا اقتصادی اصلاحات کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ گزشتہ 2 برسوں میں بجٹ خسارے میں نمایاں کمی آئی ۔ بجٹ میں امسال آمدنی میں گزشتہ برسوں 2017اور 2018کے مقابلے میں اضافہ متوقع ہے جس کی شرح 2.9 فیصد ہو گی جو بہتری کی جانب واضح اشارہ ہے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ حکومت آمدنی کے ذرائع میں مزید اضافے کےلئے کوشاں ہے تاکہ ملک کی معیشت مزید بہتر ہو جس کے مثبت اثرات معاشرے پر براہ راست مرتب ہو نگے ۔ تیل کے علاوہ آمدنی کے ذرائع کے حوالے سے ولی عہد کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں پیٹرول کے علاوہ ذرائع آمدنی جو 2014 میں 127 ارب ریال تھے سے بڑھ کر 2018 میں 287ارب اور توقع ہے کہ 2019 میں پیٹرول کے علاوہ آمدنی 313 ارب ریال کا ہدف حاصل کر لے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے خسارے کو کم کرنے کی جو پالیسی گزشتہ برس اختیار کی گئی تھی وہ کامیاب رہی جس کی وجہ سے امسال خسارے کو کافی حد تک کم کیا گیا ہے ۔ ولی عہد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت کا بنیادی ہدف ہے کہ مملکت کے بنیادی تنظیمی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کریں گے جس سے حکومتی خدمات میں مزید بہتری آئے گی علاوہ ازیں مالیاتی اداروں کی کارکردگی بھی بہتر ہو گی ۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے بجٹ میں مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے جامع منصوبے مرتب کئے گئے ہیں جس سے مملکت کی معاشی ترقی کی مزید راہیں کھلیں گی اور ہم وطنوں کو روزگار کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔ ولی عہد نے ملک کی تعمیر و ترقی کےلئے نجی شعبے کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر ملک کی تعمیر و ترقی کےلئے انتہائی اہم ہے جس کےلئے بجٹ میں اہم منصوبے رکھے گئے ہیں ۔ اپنے خطاب کے آخر میں ولی عہد نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت لوگو ں کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر کرنے کےلئے سنجیدگی سے کوشاں ہے ۔ ہمارے پیش نظر وطن کی ترقی اور نسل نو کی بہتری ہے ۔ 
 

شیئر: