شیخوپورہ: پنجاب میں معصوم بچوں کے قتل کا خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخوپورہ شہر کے علاقے فیروز وٹواں سے معصوم بہن بھائی کو 2 روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔ جڑانوالہ کے رہائشی 2 سالہ خدیجہ اور 3 سالہ توحید اپنے ننھیال آئے ہوئے تھے کہ اغوا کرلیے گئے جس کے بعد انہیں قتل کرکے لاشیں نالے میں پھینک دی گئی تھیں۔ پولیس نے بچوں کو قتل کرکے لاشیں پھینکنے والے 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ قبل ازیں پولیس نے بچوں کے والد شکیل کی مدعیت میں تھانا بھکی میں اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد بچوں کی تلاش کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے بہترین اور فوری تحقیقات کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق بچوں کے والد شکیل کی پہلی منگنی بھی اسی گاﺅں کی نبیلہ بی بی نامی خاتون کے ساتھ ہوئی تھی، جو بعد میں ٹوٹ گئی تھی۔ جس پر ملزمہ نے بدلہ لینے کے لیے اپنے بھائی علی، کزن حفیظ اور بچوں کے ماموں شاہد سے مل کر بچوں کو اغوا کیا اور گلا دبا کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے بچوں کی لاشیں کلہ وٹواں نہر میں پھینک دی تھیں، جن کی تلاش جاری ہے ۔