محمد صلاح کے گول نے لیورپول کو سال کے اختتام پر نمبرون کلب بنا دیا
مولینیکس: انگلش کلب لیور پول کے مصری فٹبالر محمد صلاح نے ایک اور میچ میں کلب کی فتح کیلئے بڑی عمدگی سے اپنا کردار ادا کیا اور لیور پول نے انگلش پریمیئر لیگ کے میچ میں وولوز کو0-2سے شکست دیدی ۔ اس کامیابی نے لیور پول کو نمبر ون کلب کی حیثیت سے سال کے اختتام کا موقع بھی فراہم کردیا۔ حریف ٹیم کے ہوم گراونڈ پر ہونے والے میچ کے دوران محمد صلاح نے 18ویں منٹ میں ایک خوبصورت فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ۔پہلا ہاف لیور پول کی برتری پر ختم ہوا۔ وولوز کے کھلاڑی کوشش کے باوجود لیور پول کی دفاعی لائن نہ توڑ سکے۔ دوسرے ہاف کے دوران 68منٹ میں ورجل وان ڈیک نے لیور پول کی برتری دگنی کردی اور میچ اسی اسکور پر ختم ہوا۔فتح کے بعد لیور پول پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پہنچ گئی جبکہ مانچسٹر سٹی دوسرے نمبر پر ہے ۔ مزے کی بات یہ ہے کہ گزشتہ4سیزن کے دوران جو ٹیم بھی دسمبر کے آخری ہفتے تک نمبر ون رہی وہی بعد میں لیگ کی چیمپیئن بھی بن گئی ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں