جعلی اکاونٹس کیس،مرکزی کردار ،آصف زرداری؟
اسلام آباد...وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہاکہ کہ جعلی اکاونٹس کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ کی سمری ہوش اڑا دینے والی ہے۔جے آئی ٹی کی تحقیقات کو داد دینی چاہئے جس طرح جے آئی ٹی نے منی لانڈرنگ کو بے نقاب ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ نے سندھ میں زرداری سسٹم کو عیاں کردیا ۔زرداری کی جعلسازی میں سندھ حکومت نے مکمل معاونت کی ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان گٹھ جوڑ تھا ۔ لوٹ کھسوٹ کےلئے منظم سسٹم بنا ہواتھا۔ اب سمجھ آرہی ہے کہ پاکستان کو کیوں گرے اور بلیک لسٹ میں ڈالا جارہا تھا۔انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کے پیسوں کو چھپانے کیلئے پیچیدہ جال بنا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ میں جے آئی ٹی نے 11500 اکاونٹس کا جائزہ لیا ہے۔ 924افراد کے انٹرویو کئے گئے جس کے بعد پتہ چلا کیسے یہ لوگ پیسے ان اکاونٹس میں گھماتے پھراتے رہے۔ان تمام پیسوں کو گھمانے اور پھرانے کے بعد ان پیسوں کو جائز پیسے میں شامل کردیا جاتا تھا۔ زرداری گروپ کے تمام بلز ان جعلی اکاونٹس سے ہی ادا کئے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکوں کے کمیشن کی کمائی کو چھپانے کیلئے جعلی بینک اکاونٹس اور ایک بینک کھڑا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ کے جعلی اکاو¿نٹس سے 9ارب روپے لےکر سمٹ بینک کی ایکویٹی پوری کی گئی۔کھربوں روپے کی اراضی غیرقانونی طور پر کراچی منتقل کی گئی۔ صرف بحریہ گروپ کو 11ہزار 251ایکڑ اراضی دی گئی۔ اومنی گروپ کو 54ارب روپے کا قرض دیا گیا۔54ارب کے قرض کے عوض صرف 14سے 15ارب روپے کے اثاثے رہن رکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ ترقرض نیشنل بینک سے دلوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ساری جعلسازی کا مرکزی کردارآصف زرداری تھا۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کے گھر میں لگنے والے سیمنٹ کی ادائیگی تک جعلی اکاونٹس سے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول ہاوس پر ہونےوالے اخراجات ،فضائی ٹکٹس اور جلسوں میں استعمال ہونے والے ٹرکوں کی ادائیگی ،آصف زرداری اور ان کے دوستوں کے 110بیرونی دوروں کی ادائیگی بھی جعلی اکاونٹس سے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حتی کہ سالگرہ پر کٹنے والے کیک کا ایک لاکھ روپے بل بھی جعلی اکاونٹ سے اداکیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور نے جائیدادیں اپنے محافظین اور ڈرائیورز کے نام کررکھی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے وکیل فاروق نائیک کے نام پر بھی جعلی اکاونٹ سامنے آچکاہے۔