26 ممالک میں 1100 ارب ڈالر کی نشاندہی
اسلام آباد...وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 26 ممالک میں 1100 ارب ڈالر کی نشاندہی ہوئی ہے۔ جو افراد رقوم کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز یا رقم منتقلی میں ملوث ہیں۔ ا نہیں ملکی قوانین کا سامنا کرنا ہو گا ۔تحقیقات کے دوران 90 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کا جواب دینے کے لئے پیپلزپارٹی کی قیادت کے لیے ایک اچھا موقع ہے۔ ان میں سے54 ارب ڈالر بینک ڈیفالٹ رقم کے طور پر رپورٹ کئے گئے ۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جے آئی ٹی رپورٹ میں اٹھائے گئے سوا لات کے جواب دینے چاہئیں۔ زرداری کو اپنی پارٹی کا تشخص بہتر کرنے کے لئے ان سوالات کا جواب دینا چاہیے کیونکہ ان کی پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ زرداری اور فریال تالپور نے اپنے مکمل اثاثے ظاہر نہیں کئے ۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں پارک لین کمپنی نے بلاول بھٹو کے نام کی بھی نشاندہی کی ہے جو 2008ءمیں کمپنی کے ڈائریکٹر تھے۔ دیگر ممالک میں چھپائے گئے اثاثہ جات اور رقوم کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 26 مختلف ممالک میں 1100 ارب ڈالر کی نشاندہی ہوئی ہے۔