جو ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا
نارووال ....مسلم لیگ(ن) کے سابق وفاقی وزیر داخلہ و رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان قومی سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں ۔ مسلم لیگ(ن) نے این آر او نہیں بلکہ علیمہ خان کو این آر او دیا گیا ۔ فواد چو ہدری اور شیخ رشید ہر جماعت کے لاوڈ اسپیکر ہوتے ہیں ۔مسلم لیگ کو ہمیشہ آمروں نے اپنے لئے بڑا خطرہ سمجھا ۔ اگر 2018 کے انتخابات صحیح ہوتے تو مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی ۔قوم پر پانامہ کا جھوٹا ڈرامہ مسلط کیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) فولاد ہے جو ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا ۔ نارووال میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کو پہلے بھی کمزور کر کے پاکستان کو دو لخت کیا گیا ۔جس کا 1971 کا سانحہ ثبوت ہے ۔ مسلم لیگ کو ہمیشہ آمروں نے اپنے لئے بڑا خطرہ سمجھا کیونکہ آمروں کو پتہ تھا کہ مسلم لیگ کے بغیر نہیں چلایا جا سکتا ہے ۔ اس لئے ہر دور میں پی ایم ایل کے نام پر سرکاری مسلم لیگ بنائی گئی ۔ساری مصنوعی لیگیں ختم ہو گئیں۔ نواز شریف نے مسلم لیگ کے اندر نئی روح پھونکی اور اسے ڈرائنگ روم سے نکال کر پاکستان کی جماعت بنایا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ جس (ن) لیگ کو آمر نہیں توڑ سکے اسے آج کون مٹائے گا کیونکہ (ن) لیگ وہ فولاد بن چکی ہے جسے کاٹنے والا دنیا میں کوئی کٹر نہیں بنا ۔ ن لیگ میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ اس قافلے سے کوئی قدم نکالے گا تو وہ چو ہدری نثار بن جائے گا ۔ کتنا بڑا پہلوان کیوں نہ ہو لیکن اگر وہ (ن) لیگ کے خلاف ہوا تو ورکر اس کو ہر حوالے سے باہر کر دیں گے ۔