تحریک انصاف کے ارکان رابطے میں ہیں،پیپلزپارٹی
کراچی ...پیپلزپارٹی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پیپلزپارٹی پیچھے نہیں ہٹے گی ۔سندھ حکومت پرشب خون مارنے کا ڈٹ کرمقابلہ کرے گی۔ تحریک انصاف کے10 سے12 ارکان ہم سے رابطے میں ہیں ۔پیپلزپارٹی کے 99 ارکان سندھ اسمبلی پارٹی قیادت کے پیچھے کھڑے ہیں ۔ صوبائی وزیرسید ناصرحسین شاہ ،مشیراطلاعات سندھ مرتضی وہاب اورپیپلزپارٹی کے دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت ہماری رہے گی۔ فارورڈ بلاک کی باتیں پروپیگنڈا ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سندھ میں جس کے بھی کندھے استعمال کرلے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے آبادگاروں اورعوام کے مفاد میں 32شوگرملز کو سبسڈی دی مگرجے آئی ٹی میں جہانگیر ترین اور علی گوہرمہر کی شوگر ملز کا ذکر نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک انکوائری کی بات ہے تو انکوائری تو وزیراعظم وزیراعلی پختونخوااور علیم خان کے خلاف بھی چل رہی ہے۔ اگر اخلاقی جرات ہے تو پی ٹی آئی ان کے نام بھی ای سی ایل پرڈالے۔ انہوں نے کہاکہ عدالتوں سے نہ ماضی میں بھاگے ہیں نہ اب بھاگیں گے ۔ صوبائی وزیر سید ناصرحسین شاہ نے کہاکہ تحریک انصاف سندھ میں حکومت نہیں گرا سکتی۔پی ٹی آئی کا اصول ہے کہ اتنا جھوٹ بولوکہ سچ کا گمان لگے ۔منفی پرو پیگنڈے سے پیپلزپارٹی کی قیاد ت پرالزام تراشی کی جارہی ہے یہ وہی طاقتیں ہیں جنہوں نے سندھ میں ہمارے مینڈیٹ پرقبضے کی کوشش کی ۔