اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس اور منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج لگا تو اسے ختم کرنے میں ایک سیکنڈ لگے گا۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے دوران سماعت سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا تاثر میڈیا کی جانب سے دیا جا رہا ہے۔ سندھ میں گورنر راج کی کوئی تجویز نہیں، جو بھی ہوگا وہ قانون کے مطابق ہوگا۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتیں بیٹھی ہیں۔ ایک سیکنڈ لگے گا گورنر راج ختم کرنے میں، گورنر راج صرف آئین کے مطابق ہی لگ سکتا ہے اور اس کا جواز دینا پڑے گا۔ ایسے گورنر راج نہیں لگے گا، جمہوریت آئین کا بنیادی جز ہے اور اسے ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے ۔ سپریم کورٹ نے حکومت اور اپوزیشن کو جعلی اکاؤنٹس کیس پر تبصرے سے روکتے ہوئے کہا کہ کسی کا کمنٹ پکڑا گیا تو سخت کارروائی ہوگی، یہ بات حکومت اور اپوزیشن دونوں کے لیے ہے ، دونوں فریقین رائے دیتے وقت احتیاط کریں۔